قرآن پاک کی ضرورت، اہمیت اور فوائد
قرآنِ کریم اس دنیا کے لیے اللہ پاک کا آخری کلام ہے۔ یہ وحیِ الٰہی پوری انسانیت کے لیے ہدایت کا کامل سرچشمہ ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ قرآنِ پاک صرف تلاوت کے لیے نازل نہیں ہوا بلکہ ہماری رہنمائی کے لیے نازل کیا گیا ہے۔ یہ ایسا ضابطۂ حیات ہے جو انسان کو دنیا و آخرت کی کامیابی کی راہ دکھاتا ہے۔
اگر سمجھا جائے تو قرآنِ پاک رحمت، برکت، ہدایت، شفا اور نور کا خزانہ ہے۔ جو شخص اس کی تعلیمات پر عمل کرتا ہے، اللہ پاک اسے سکونِ قلب، بہترین کردار اور کامیاب زندگی عطا فرماتا ہے۔
قرآنِ پاک کی ضرورت کیوں ہے؟
انسان فطری طور پر معاشرتی زندگی گزارتا ہے۔ اسے اپنی زندگی میں خوراک، لباس، رہائش، تجارت، خاندان اور دیگر معاملات کے لیے واضح اصول و ضوابط کی ضرورت ہوتی ہے۔
اگر انسان اپنی خواہشات کے مطابق قوانین بنائے تو ان میں ذاتی مفادات، تعصب اور ناانصافی شامل ہونے کا امکان رہتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ لوگوں کو ایسے قانون کی ضرورت تھی جو صرف حق بات بیان کرے اور ہر قسم کی جانبداری سے پاک ہو۔
اللہ پاک نے اپنی رحمت سے قرآنِ کریم نازل فرمایا، جو قیامت تک آنے والے تمام انسانوں کے لیے مکمل اور عادلانہ رہنمائی فراہم کرتا ہے۔ اس کے احکام کی وضاحت رسولِ اکرم ﷺ کی احادیثِ مبارکہ اور صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم کے اقوال کے ذریعے ہوئی، جبکہ مفسرینِ کرام نے اس کی تشریح کرکے امت کے لیے اس کا فہم مزید آسان بنا دیا۔
قرآنِ کریم کی اہمیت
قرآنِ کریم صرف نہ صرف تلاوت کرنے کی کتاب ہے بلکہ سمجھنے اور عمل کرنے کی کتاب بھی ہے۔
حضرت ایاس بن معاویہ رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ جو شخص قرآن پاک پڑھتا ہے مگر اس کی تفسیر نہیں جانتا، اس کی مثال ایسے لوگوں کی ہے جنہیں رات کے وقت اپنے بادشاہ کا خط ملا مگر چراغ نہ ہونے کی وجہ سے وہ اسے پڑھ نہ سکے۔ جبکہ جو شخص قرآن پاک کے ساتھ اس کی تفسیر بھی جانتا ہے، وہ اس شخص کی مانند ہے جسے روشنی میسر آ جائے اور وہ خط کا مفہوم بخوبی سمجھ لے۔
(تفسیرِ قرطبی، باب ما جاء فی فضل تفسیر القرآن واھلہ، ۱ / ۴۱، الجزء الاول، ملخصاً)
اس سے معلوم ہوتا ہے کہ قرآنِ کریم کو سمجھ کر پڑھنا اور اس کے پیغام کو اپنی زندگی میں نافذ کرنا حقیقی کامیابی کی بنیاد ہے۔
قرآنِ پاک کی تلاوت کے فضائل
قرآنِ کریم کی تلاوت کرنے والے کو دنیا اور آخرت دونوں میں بے شمار برکتیں حاصل ہوتی ہیں۔
1۔ قرآنِ پاک کو دیکھنا بھی عبادت ہے
حدیثِ مبارکہ میں ارشاد فرمایا گیا:
لنَّظْرُ فِي الْمُصْحَفِ عِبَادَةٌ
یعنی قرآنِ پاک کو دیکھنا بھی عبادت ہے۔(شعب الایمان)( شعب الایمان للبیھقی، باب فی تعظیم القراٰن، فصل فی القراء ۃ من المصحف، الحدیث: ۲۲۳۸، ج۲، ص۴۱۱)
2۔ قرآنِ کریم شفا کا ذریعہ ہے
اللہ پاک ارشاد فرماتا ہے:
وَنُنَزِّلُ مِنَ الْقُرْاٰنِ مَا هُوَ شِفَآءٌ۔
ترجمۂ کنزالایمان: اور ہم قرآن میں اتارتے ہیں وہ چیز جو ایمان والوں کے لیے شفا ہے۔( پ15،بنی اسرائیل، :82)
قرآنِ کریم روحانی بیماریوں کے ساتھ ساتھ دلوں کی بے چینی، غفلت اور گمراہی کا بھی بہترین علاج ہے۔
3۔ قرآن حکیم انسان کو عزت اور بلندی عطا کرتا ہے
جو قوم قرآن سے وابستہ رہتی ہے، اللہ پاک اسے عزت عطا فرماتا ہے، جبکہ قرآن سے دوری انسان کو تنزلی کی طرف لے جاتی ہے. جیسا کہ حدیثِ پاک میں ہے:
اِنَّ اللہَ یَرْفَعُ بِھٰذَا الْکِتَابِ اَقْوَاماً وَیَضَعُ بہ اٰخَرِیْن۔
"بے شک اللہ پاک اس کتاب کے ذریعے بہت سی قوموں کو بلند فرماتا ہے اور بہت سوں کو اس کی وجہ سے پست کر دیتا ہے۔" (مسلم،ص317،حديث:1897 (
4۔ ہر حرف پر دس نیکیاں
رسولِ اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا:
"جس نے قرآنِ کریم کا ایک حرف پڑھا، اس کے لیے ایک نیکی ہے، اور ہر نیکی دس گنا بڑھا دی جاتی ہے۔ میں یہ نہیں کہتا کہ (الم) ایک حرف ہے، بلکہ الف ایک حرف، لام ایک حرف اور میم ایک حرف ہے۔( ترمذی ، کتاب فضائل القرآن ، باب ماجاء فی من قرء … الخ ، ، ص ۶۷۶ ، حدیث: ۲۹۱۰)
یہ فضیلت اس بات کی ترغیب دیتی ہے کہ مسلمان روزانہ کچھ نہ کچھ قرآنِ کریم کی تلاوت ضرور کریں۔
قرآنِ کریم سے مضبوط تعلق کیسے قائم کریں؟
قرآنِ کریم سے حقیقی فائدہ حاصل کرنے کے لیے درج ذیل امور ضروری ہیں:
1۔ باقاعدگی سے تلاوت کریں
روزانہ تھوڑا ہی سہی، لیکن مستقل مزاجی سے قرآنِ پاک پڑھنے کی عادت بنائیں۔
2۔ ترجمہ اور تفسیر کا مطالعہ کریں
قرآن کے احکام اور پیغام کو سمجھنے کے لیے معتبر ترجمہ اور تفسیر کا مطالعہ کریں۔
3۔ قرآن پر عمل کریں
اصل کامیابی اس وقت حاصل ہوتی ہے جب قرآن کی تعلیمات ہماری عبادات، اخلاق، معاملات اور روزمرہ زندگی کا حصہ بن جائیں۔
اختتامی کلمات
قرآنِ کریم وہ عظیم نعمت ہے جو انسانوں کو دنیا میں کامیاب اور آخرت میں سرخرو بناتی ہے۔ یہ ہدایت، رحمت، شفا اور برکت کا ایسا خزانہ ہے جس سے جتنا تعلق مضبوط ہوگا، اتنی ہی زندگی میں سکون، خیر اور کامیابی حاصل ہوگی۔
اگر ہم قرآنِ کریم کو سمجھ کر پڑھیں، اس کی تعلیمات پر عمل کریں اور دوسروں تک اس کا پیغام پہنچائیں تو ان شاء اللہ الکریم ہماری انفرادی اور اجتماعی زندگی سنور سکتی ہے۔
قرآنِ پاک اور قرآنی علوم کی مستند کتب حاصل کریں
اگر آپ قرآنِ کریم، اس کے ترجمے، تفسیر، فضائلِ قرآن اور قرآنی علوم پر مستند اسلامی کتب کی تلاش میں ہیں تو مکتبۃ المدینہ کے قرآن سیکشن کا ضرور وزٹ کریں۔ یہاں آپ حاصل کر سکتے ہیں ناظرہ قرآن، پارہ سیٹ، مشہور تراجم اور تفاسیراور فضائل و علومِ قرآن پر مشتمل کتابیں۔
Pakistan