"جامع ابواب الصرف" میں طلبہ کے سامنے تمام مستعمل اور مشہور ابواب (جو کہ تقریبا 40 ہیں) کے کم ازکم ایک فعل کی گردان نمونہ کے طور پر پیش کی گئی ہے۔ نیز تقریبا تمام ابواب کی گردان کے آخر میں مختلف مصادر دیئے گئے ہیں تاکہ طلبہ ان کی مشق کر سکیں۔ کتاب کی ابتداء فَعَلَ يَفْعَلُ فَعْلاً کی گردان سے کی گئی ہے جو کہ صرفیوں (علم الصرف کے ماہرین) کے نزدیک ایک میزان کی حیثیت رکھتی ہے اور اسماء و افعال کا وزن بیان کرنے کے لیے استعمال کی جاتی ہے، اس میں افعال اور اسماء مشتقہ کی تمام ممکنہ گردانیں بیان کی گئی ہیں۔ لہذا کسی دوسرے باب سے آنے والے فعل یا اسم مشتق کا وزن اس گردان کے ذریعے معلوم کیا جاسکتا ہے۔ اس موضوع اور نوعیت پر اس وقت مارکیٹ میں پائی جانے والی اردو کتب کے مقابلے میں اِس کتاب کا اسلوب کچھ مختلف ہے، اور وہ درج ذیل امور پرمشتمل ہے: ۱۔ گردانیں دائیں سے بائیں تحریر کرنے کے بجائے اوپر سے نیچے کی طرف تحریرکی گئی ہیں، چونکہ طلبہ عموما اپنی کاپیوں میں اسی طرح گردان لکھتے ہیں۔ ۲۔باب اور مصدر کو بار بار بیان کرنے کی بجائے، باب اورمصدرکی نوعیت کے اعتبار سے شروع میں ایک شہ سرخی (Main Heading) لگائی گئی ہےاور پھر اس کے تحت اس کی متعلقہ گردانیں تحریرکی گئی ہیں۔ ۳۔صیغہ کے بیان کے لیے "صیغہ واحد، مذکرغائب، صیغہ تثنیہ مذکر غائب " کی تکرار کرنے کی بجائے ضمائر مرفوعہ منفصلہ سے مدد لی گئی ہے۔ جو کہ ایک مبتدی طالب علم کو بھی یاد ہوتی ہیں۔ (یاد رہے : گردانوں کے ساتھ ان ضمائر کو لکھنے کا مقصد افعال کے فواعل کو بیان کرنا نہیں ،بلکہ فقط فعل کے صیغے کی طرف اشارہ کرنا ہے) ۴۔فعل امر معروف کی گردان عموما دو حصوں (پہلے فعل امرحاضر معروف اور پھر فعل امرغائب و متکلم) میں یاد کروائی جاتی ہیں لیکن اس کتاب میں روایتی انداز سے ہٹ کر دیگر افعال کے معمول کے مطابق فعل امرمعروف کی گردان غائب کے صیغوں سے شروع کرکے متکلم کے صیغوں پر ختم کی گئی ہے تاکہ دلالت ہو کہ اس کے بھی چودہ (14) صیغے ہی آتے ہیں لیکن اگر روایتی انداز سے دو حصوں میں یاد کروائی جائے تو بھی حرج نہیں ، لیکن طلبہ اس غلط فہمی کا شکار نہ ہوں کہ فعل امر معروف کے صرف چھ صیغے ہوتے ہیں۔ ۵۔ہفت اقسام کی ایک قسم "مضاعف" سے فعل مضارع کے بعض صیغوں پر جب حروف جوازم داخل ہوں توان کو تین یا چار انداز سے پڑھ سکتے ہیں، بالفتح ،بالکسر، ادغام اور بعض صورتوں میں بالضم، جگہ کی قلت کےسبب ایک صیغے پر دو یا دو سے زیادہ حرکات ظاہر کی گئی ہیں۔ مثلا: لَمْ يَحْمَرَِّ یہ کتاب جامعات المدینہ کے نصاب میں شامل ہے۔ اور اس کے ساتھ ساتھ ایک اور کتاب "نصاب الصرف" بھی پڑھائی جاتی ہے، اس وجہ سے اس کتاب کی ترتیب اور دیگر امور میں نصاب الصرف کی رعایت بھی کی گئی ہے۔ علم الصرف کی گردانوں کو پختہ انداز میں یاد کرنے کے لیے یہ کتاب بہت اہمیت کی حامل ہے اور عربی سیکھنے والے تمام طلبا کی بنیادی ضرورت میں سے ہے۔
Language: | Urdu |
Book Pages: | 236 |
Dimensions (cm): | 24.5 x 18.5 |
Gender: | Students |
Printing Type: | 01 Color |
Subject: | Ilm-Ul-Sarf |
Shoba: | Jamia Tul Madinah |
Item Weight (Grams): | 475 |
Binding Type: | Hard |
Edition: | 9th |
Edition Year: | 2023 |